چیئرمین سینیٹ کے خلا ف تحریک عدم اعتماد کا ناکام ہونا جمہوری قوتوں کی فتح ہے،صوبائی مشیر تعلیم حاجی محمد خان لہڑی

کوئٹہ(زیبائے پاکستان آئی این پی)وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے ثانوی تعلیم حاجی محمد خان لہڑی نے کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کے خلا ف تحریک عدم اعتماد کا ناکام ہونا جمہوری قوتوں کی فتح ہے۔ جمہوریت پسند قوتوں نے چیئرمین سینیٹ کا ساتھ دے کر اس بات کا ثبوت دیا ہے کہ وہ کسی بھی سازش یا غیر جمہوری عمل کا ساتھ نہیں دیں گے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اور صوبائی حکومت کی بھرپور مدد اور کوششوں سے آج ایک دفعہ پھر جمہوریت کی جیت ہوئی ہے۔ اپنے جاری کردہ ایک بیان میں صوبائی مشیر تعلیم حاجی محمد خان لہڑی نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی کہا تھا کہ غیر جمہوری قوتیں ملک میں عدم استحکام اور چیئرمین سینیٹ جیسے مقدس عہدے کے وقار کو مجروح کرنا چاہتے ہیں جس کا ملکر مقابلہ کیا جائے گا۔ اور آج یہ ثابت ہوا کہ اپوزیشن جماعتیں جمہوریت کے مقابلے میں بری طرح سے ناکام ہوگئیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین سینیٹ کا انتخاب مکمل میرٹ اور جمہوری اصولوں کے مطابق ہوا تھا۔ تاہم بعض حلقوں کو بلوچستان جیسے پسماندہ صوبے سے بھاری مینڈیٹ سے کامیاب چیئرمین سینیٹ کا انتخاب ہضم نہیں ہوپارہا تھا۔ جس کے لئے تحریک عدم اعتماد جیسے شوشے کا سہارا لے کر قوم کو مسلسل ذہنی بے چینی اور ہیجان میں مبتلا کیئے رکھا گیا۔ تاہم اراکین کے بھر پور اعتماد نے غیر جمہوری قوتوں کوشکست دے کر جمہوریت کا ساتھ دیا۔ مشیر تعلیم نے مزید کہا کہ چیئرمین سینیٹ پر اعتماد سے عوام کا جمہوریت اور جمہوری قوتوں پر اعتماد بڑھے گا اور نظام میں بہتری آئے گی۔ انہوںنے اس امید کا اظہار کیا کہ اس سے بلوچستان کی محرومیوں میں کمی اور بلوچستان ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں