بھارت، 17 سالہ طالبہ کے ساتھ 6 افراد کی اجتماعی زیادتی، ویڈیو بھی بنائی

نئی دہل: بھارت میں گیارہویں جماعت کی طالبہ کو اس کی سالگرہ والے دن ایک پارک میں 6 افراد نے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا اور بلیک میل کرنے کے لیے مکروہ عمل کی ویڈیو بھی بنائی۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست تامل ناڈو میں گیارہویں جماعت کی طالبہ دوست کے ہمراہ اپنی 17 ویں سالگرہ منانے ایشوریہ نگر کے پارک آئی تھی، واپسی پر 6 کارندوں پر مشتمل گینگ نے انہیں گھیر لیا۔ طالبہ کے دوست کو گھسیٹ کر پارک کے دوسرے حصے میں لے جاکر باندھ دیا اور مارا پیٹا جس سے وہ بے ہوش ہوگیا۔لڑکے کو بند کرنے کے بعد گینگ کے ارکان نے طالبہ کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا اور ویڈیو بھی بناتے رہے اور لڑکی کو نیم بے ہوشی کی حالت میں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ پولیس نے متاثرہ لڑکی کی والدہ کی درخواست پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے 6 میں سے 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔واضح رہے کہ بھارت میں خواتین کیساتھ زیادتی کے واقعات میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، خود حکومتی ادارے نیشنل کرائم ریکارڈز بیورو کی رپورٹ میں ہر 15 منٹ میں ایک خاتون کے ریپ ہونے کا انکشاف کیا گیا ہے۔ رواں برس زیادتی کے ہونے والے واقعات 2017 اور 2018 کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں