ڈینیل پرل کے والدین نے سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا

0

کراچی:  مقتول امریکی صحافی ڈینیل پرل کے والدین نے سندھ ہائیکورٹ کا ملزمان کی سزاؤں میں کمی کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا۔سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کے لیے مقتول امریکی صحافی کے والدین نے سپریم کورٹ میں ایڈووکیٹ فیصل صدیقی کے ذریعے درخواست دائر کر دی ہے۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ سندھ ہائیکورٹ نے شواہد کا درست انداز میں جائزہ نہیں لیا، ملزمان کی رہائی اور سزاؤں میں کمی کرنا آئین پاکستان کے منافی ہے۔درخواست میں کہا گیا کہ مقدمے میں تسلیم شدہ حقائق موجود ہیں، ہائیکورٹ کا یہ نقطہ درست نہیں کہ اقبال جرم رضاکارانہ طور پر نہیں کیا گیا، اس کے علاوہ سندھ ہائیکورٹ نے فرانزک شواہد کو بھی نظرانداز کیا۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ مقتول صحافی کو تاوان کے لیے اغوا کرنے اور قتل کرنے کے ٹھوس شواہد موجود ہیں لہذا ملزمان کی رہائی کا سندھ ہائیکورٹ کا 2 اپریل کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔خیال رہے کہ امریکی صحافی ڈینیل پرل کو 2002 میں کراچی سے اغواء کے بعد قتل کردیاگیا تھا جس پر انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے احمد عمر شیخ کو سزائے موت اور دیگر 3 کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.