اعلیٰ تعلیمی اداروں کو عالمی معیار کے مطابق بنانا اشد ضروری ہے ،گورنر بلوچستان

اعلیٰ تعلیمی اداروں کو عالمی معیار کے مطابق بنانا اشد ضروری ہے ،گورنر بلوچستان

کوئٹہ  (زیبائے پاکستان آئی این پی)گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اس تیز رفتار اور ترقی یافتہ دور میں جہاں ٹیکنالوجی انسانی زندگی کے مختلف شعبوں کو متاثر کررہی ہے ۔ وہاں ٹیکنالوجی خود بھی نت نئی تبدیلی اختیار کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کو عالمی معیار کے مطابق بنانا اشد ضروری ہے تاکہ ہمارے اعلیٰ تعلیم ادارے اور ڈگریوں کو دنیا بھر میں قبولیت حاصل ہوسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز گورنر ہاؤس کوئٹہ میں میر چاکر خان رند یونیورسٹی سبی کے سینیٹ کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرصوبائی سیکریٹری ہائر ایجوکیشن عبدالصبور کاکڑ ، وائس چانسلر میر چاکر خان یونیورسٹی ڈاکٹر احمد نواز مینگل او ر دیگر سینیٹ ممبران بھی موجود تھے ۔ گورنر نے کہا کہ وقت کا تقاضہ ہے کہ ہم روایتی خول سے باہر پل پل بدلتی دنیا کے ساتھ ہم قدم ہو جائیں اور درس و تدریس کے نظام اور مضامین کو جدید دنیا کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنائیں ۔ میر چاکر خان رند یونیورسٹی کے سینیٹ اجلاس کے شرکاء کی مختلف سفارشات اور تجاویز کے نتیجے میں کئی اہم فیصلے کئے گئے اور یونیورسٹی کے امور و معاملات میں مزید بہتری لانے اور معیاربلند کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں