مقبوضہ کشمیر ، پابندیوں کا 34 واں روز، بھارتی ریاستی دہشتگردی جاری،تشدد سے نوجوان شہید،متعدد زخمی

مقبوضہ کشمیر ، پابندیوں کا 34 واں روز، بھارتی ریاستی دہشتگردی جاری،تشدد سے نوجوان شہید،متعدد زخمی

سری نگر(زیبائے پاکستان آئی این پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے کرفیو اور پابندیوں کو 34 دن ہوگئے جب کہ ہنڈوارہ میں زیرحراست نوجوان کو تشدد کرکے شہید کردیا گیا۔کشمیر میڈیا سروس کیمطابق ہنڈوارہ کے شہری ریاض احمد کو بدھ کو گرفتار کیا گیا، قلم آباد پولیس اسٹیشن میں نوجوان شدید تشدد کے بعد شہید ہوگیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی انتظامیہ نے مزید 29 کشمیریوں کو آگرہ سینٹرل جیل منتقل کردیا جب کہ گزشتہ روز نماز جمعہ کے بعد سیکڑوں کشمیریوں نے بھارت کے خلاف مظاہرے کیے جہاں سوپور، ہاجن، اسلام آباد، پلوامہ اور شوپیاں سمیت دیگر علاقوں میں مظاہرے کیے گئے۔قابض سیکیورٹی فورسز نے مظاہرین پر آنسو گیس اور پیلٹ گنز کی شیلنگ کی جس سے متعدد کشمیری زخمی ہوئے۔کشمیری میڈیا کے مطابق مقبوضہ وادی کی مرکزی مساجد میں نماز جمعہ کی اجازت بھی نہیں دی گئی، وادی میں 34 روز سے جاری کرفیو کی وجہ سے مواصلاتی نظام معطل ہے، جبری پابندیوں کی وجہ سیکشمیری گھروں میں محصور ہیں جس نہ صرف اشیائے خوردنوش بلکہ دوائیوں کی بھی قلت کا سامنا ہے جب کہ مریضوں کو اسپتال جانے کی اجازت نہیں دی جارہی۔بھارت نے 5 اگست کو راجیہ سبھا میں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا بل پیش کرنے سے قبل ہی صدارتی حکم نامے کے ذریعے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی اور ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر کو وفاق کے زیرِ انتظام دو حصوں یعنی (UNION TERRITORIES) میں تقسیم کردیا جس کے تحت پہلا حصہ لداخ جبکہ دوسرا جموں اور کشمیر پر مشتمل ہوگا۔بھارت نے یہ دونوں بل لوک سبھا سے بھی بھاری اکثریت کے ساتھ منظور کرالیے ہیں۔بھارتی آئین کا آرٹیکل 370 مقبوضہ کشمیر میں خصوصی اختیارات سے متعلق ہے۔آرٹیکل 370 ریاست مقبوضہ کشمیر کو اپنا آئین بنانے، اسے برقرار رکھنے، اپنا پرچم رکھنے اور دفاع، خارجہ و مواصلات کے علاوہ تمام معاملات میں آزادی دیتا ہے۔بھارتی آئین کی جو دفعات و قوانین دیگر ریاستوں پر لاگو ہوتے ہیں وہ اس دفعہ کے تحت ریاست مقبوضہ کشمیر پر نافذ نہیں کیے جا سکتے۔بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 کے تحت کسی بھی دوسری ریاست کا شہری مقبوضہ کشمیر کا شہری نہیں بن سکتا اور نہ ہی وادی میں جگہ خرید سکتا ہے۔بھارت نے آرٹیکل 370 کو ختم کرنے سے قبل ہی مقبوضہ کشمیر میں اضافی فوجی دستے تعینات کردیے تھے کیوں کہ اسے معلوم تھا کہ کشمیری اس اقدام کو کبھی قبول نہیں کریں گے۔اطلاعات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی تعداد اس وقت 9 لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے۔ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد سے وادی بھر میں کرفیو نافذ ہے، ٹیلی فون، انٹرنیٹ سروسز بند ہیں، کئی بڑے اخبارات بھی شائع نہیں ہورہے۔بھارتی انتظامیہ نے پورے کشمیر کو چھانی میں تبدیل کررکھا ہے، 7 اگست کو کشمیری شہریوں نے بھارتی اقدامات کیخلاف احتجاج کیا لیکن قابض بھارتی فوجیوں نے نہتے کشمیریوں پر براہ راست فائرنگ، پیلٹ گنز اور آنسو گیس کی شیلنگ کی۔ریاستی جبر و تشدد کے نتیجے میں متعدد کشمیری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں جب کہ کشمیر میں حریت قیادت سمیت بھارت کے حامی رہنما محموبہ مفتی اور فاروق عبداللہ بھی نظر بند ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں