شیخ رشید اور شاہد خاقان عباسی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے

0

 اسلام آباد:  ملک کے دو مشہور و معروف سیاست دان جان لیوا کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔

وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے اور وہ آئسولیشن (تنہائی) میں چلے گئے ہیں۔  شیخ رشید کو بظاہر کورونا کی کوئی علامات نہیں تاہم وہ ڈاکٹرز کی ہدایت کے مطابق دو ہفتے قرنطینہ میں رہیں گے۔

ادھر مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔ مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بتایا کہ پارٹی کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔ انہوں نے کورونا کا ٹیسٹ کرایا جو مثبت آیا ہے، شاہد خاقان عباسی نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے شاہد خاقان عباسی کے کورونا میں مبتلا ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ شاہد خاقان عباسی پارٹی کا قیمتی سرمایہ ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی ایک ایماندار، اہل اور قوم کا درد رکھنے والے قابل اور وفا شعار انسان ہیں،  کورونا سے متاثرین کی بڑھتی تعداد نے خوفناک شکل اختیار کر لی ہے، اللہ تعالی سے دعا ہے شاہد خاقان عباسی سمیت تمام متاثرہ افراد کو صحت کاملہ عطا فرمائے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 3 ہزار 671 ہوگئی جب کہ 2 ہزار 67 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.