حکومت کے ساتھ ساتھ رضاکار اداروں اور مخیر حضرات نے بھی کورونا وائرس سے معاشی طور پر متاثر ہونے والے مزدور اور محنت کش طبقہ کی معاونت میں گرانقدر خدمات سرانجام دیں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان

0

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ حکومت کے ساتھ ساتھ رضاکار اداروں اور مخیر حضرات نے بھی کورونا وائرس سے معاشی طور پر متاثر ہونے والے مزدور اور محنت کش طبقہ کی معاونت میں گرانقدر خدمات سرانجام دیں، حکومت ان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن بلوچستان کے صدر انجینئر جمیل کرد اور کوئٹہ پریس کلب کے صدر رضا الرحمن سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کے روز یہاں ان سے ملاقات کی، انجینئر جمیل کرد نے اس موقع پر اپنے ادارے کی کارکردگی سے آگاہ کر تے ہوئے بتایا کہ ان کے ادارے کی جانب سے نہ صرف صوبہ کے مختلف اضلاع میں مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم کیا گیا بلکہ عوام میں کورنا وائرس سے محفوظ رہنے کی آگاہی مہم بھی شروع کر رکھی ہے، اس کے ساتھ ساتھ ادارے کے رضا کار مساجد میں باقاعدگی کے ساتھ جراثیم اور وائرس کش سپرے بھی کر رہے ہیں، وزیراعلیٰ نے ادارے کے رضاکاروں کے جذبہ اور کارکردگی کو سراہا اور توقع ظاہر کی کہ اس مشکل وقت میں مزید رضا کار ادارے اور مخیر حضرات بھی فلاحی سرگرمیوں میں حصہ ڈالیں گے،دریں اثناء وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ دیگر شعبوں کی طرح اخباری صنعت بھی کورنا وائرس سے متاثر ہوئی ہے اور اس سے منسلک کارکنوں کو معاشی مسائل کا سامنا ہے، حکومت اخباری صنعت خاص طور سے مقامی اخبارات کی معاونت کرے گی، اخباری صنعت کے مسائل اور عامل صحافیوں کی فلاح و بہبود کے اقدامات کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کی جانب سے کئے گئے صحافیوں اور اخباری صنعت کی ترقی کے اعلانات پر عملدرآمد یقینی بنایا گیا ہے صحافیوں کی رہائشی کالونی کے لئے حکومت نے اراضی فراہم کی ہے جس کی چار دیواری اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کو آئندہ مالی سال کی پی ایس ڈی پی میں شامل کیا جائے گا، کوئٹہ پریس کلب کی کینٹین کی تعمیر اور زیر تعمیر میڈیا اکیڈمی کے ترمیم شدہ پی سی ون کے مطابق مزید فنڈز کا اجراء کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر سیکریٹری اطلاعات کو مقامی اخبارات کے لئے ڈسپلے اشتہارات کے اجراء کی ہدایت کی، وزیراعلیٰ نے کوئٹہ میں میڈیا سٹی کے قیام کے لئے حکومت کی جانب سے اراضی کی فراہمی کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا ہاؤسز اور اخبارات کو میڈیا سٹی میں دفاترقائم کرنے کی پیشکش کی جائے گی۔ اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر نے وزیراعلیٰ کی حوصلہ افزائی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ کی ستائش سے ادارے کے کارکنوں کے خدمت کے جذبہ کو مزید تقویت ملے گی جبکہ پر یس کلب کے صدر نے صحافیوں اور مقامی اخبارات کے مسائل کے حل میں ذاتی دلچسپی لینے اور عملی اقدامات پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.