بلوچستان میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے جامع اور قابل عمل پالیساں بنانے کی ضرورت ہے

بلوچستان میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے جامع اور قابل عمل پالیساں بنانے کی ضرورت ہے

اسلام آباد : چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے جامع اور قابل عمل پالیساں بنانے کی ضرورت ہے تا کہ بلوچستان کے تاجر طبقے کی شکایات کا ازالہ کیا جا سکے اور انھیں ملک کی مجموعی ترقی اپنا کردار ادا کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ موثر بنایا جا سکے۔ وہ کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کامرس کے چیئرمین سینیٹر مرزا آفریدی، صنعت و پیداوار کے چیئرمین سینیٹر احمد خان اور سینیٹر نصیب اللہ بازئی بھی اس دوران چیئرمین کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایوان بالا اور اسکی مختلف کمیٹیوں نے ہمیشہ بلوچستان کیلئے آواز اٹھائی ہے اور آئندہ بھی موثر انداز میں آواز اٹھاتے رہیں گے۔محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کامرس اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی صنعت و پیداوار نے بلوچستان کے کاروباری طبقے کی ضروریات کا خیال رکھتے ہوئے مختلف اجلاسوں میں حکام سے کاروباری طبقے کے مسائل کو حل کرنے کیلئے جواب طلبی کی ہے۔قبل ازیں چیمبر آف کامرس کے اراکین نے چیئرمین سینیٹ کو اپنے مسائل سے آگا ہ کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے پلیٹ فارم سے اربوں روپے قومی خزانے میں جاتے ہیں تاہم تاجر طبقے کو مقامی طور پر ہونے والی پیداوار کی برآمد اور بعض اشیا کی درآمد میں مشکلات کا سامنا ہے جن کو اعلی سطح پر حل کرنے کی ضرورت ہے۔وفد نے کہا کہ جو روکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں اس کا اثر نہ صرف مجموعی معاشی ترقی پر پڑے گا بلکہ بلوچستان کیلئے انتہائی خطرناک ثابت ہو گا کیونکہ اس سے بروزگاری بڑھے گی اور عام آدمی کیلئے مشکلات پیدا ہونگی انہوں نے مطالبہ کیا کہ سیب، ٹماٹر اور اسکریپ کیلئے مناسب پالیسی وضع کی جائے تا کہ مقامی تجارت اور کاروبار کو سہارا دیا جا سکے۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے وفد سے تمام تجاویز تحریری طور پر طلب کر لیں اور کہا کہ ان تجاویز کی روشنی میں ایف بی آر اور دیگر متعلقہ اداروں سے مشاورت کی جا ئے گی تا کہ کاروباری طبقے کے جائز مسائل کا حل نکالا جا سکے۔ سینیٹر مرزا آفریدی اور سینیٹر احمد خان نے وفد کو اپنی کمیٹیوں کی جانب سے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں