حج سے متعلق امور پرسعودی عرب اور ایران میں باہمی تعاون کا معاہدہ

0

ریاض (این این آئی) سعودی عرب اور ایران کے درمیان طویل کشیدگی کے دوران ایک اچھی خبر سامنے آئی ہے کہ دونوں ملکوں نے فریضہ حج سے متعلق انتظامات کے حوالے سے باہمی تعاون کے ایک معاہدے کی منظوری دی ہے۔ سعودی وزارت حج و عمرہ کے حکام نے ایرانی حج و زیارت تنظیم کے ساتھ اس سال کے حج سیزن کے انتظامات کے معاہدے پر دستخط کیے۔گذشتہ رروز اسلامی جمہوریہ ایران کی حج تنظیم کے سربراہ علی رضا رشیدیان نے ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد ہمراہ سعودی وزیر حج ڈاکٹر محمد صالح بن طاہر بنتن کے دفتر میں ان سے ملاقات کی۔اس موقعے پر سعودی عرب کے نائب وزیر حج ڈاکٹر عبد الفتاح بن سلیمان مشاط اور متعدد دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان حج سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں آئندہ حج سیزن میں ایرانی حجاج کرام کو دی جانے والی سہولیات اور دیگر انتظامات پر بات چیت کی گئی۔ ایران کے وزیر حج و عمرہ اور حج و زیارت تنظیم کے سربراہ نے حج سیزن کی تیاریوں کے حوالے سے باہمی تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے۔اجلاس کے بعد پریس کو جاری ایک بیان میں سعودی وزیر برائے حج وعمرہ نے کہا کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز دنیا بھر سے آنے والے عازمین حج وعمرہ کو بلا تفریق ہرممکن سہولیات فراہم کرنے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے گذشتہ سال کے حج سیزن کے موقع پر ایرانی حجاج کرام کی طرف سے تعاون اور حج کے دوران امن وسکون کو برقرار رکھنے میں معاونت کر ان کا شکریہ ادا کیا۔خیال رہے کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان گذشتہ کچھ عرصے سے سخت کشیدگی پائی جا رہی ہے۔ اس کشیدگی کے جلومیں دونوں ملکوں کا حج سے متعلق امور پر اتفاق خوش آئند قرار دیا جاتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.