کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں بارش اور برف باری سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے گئے ہیں ،عمران زرکون

کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں بارش اور برف باری سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے گئے ہیں ،عمران زرکون

کوئٹہ(این این آئی)ڈائریکٹرجنرل پی ڈی ایم اے عمران زرکون اور ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ طارق جاوید مینگل نے کہا ہے کہ کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں بارش اور برف باری سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے گئے ہیں ،بارش اور برف باری سے بند ہونے والے راستوں کوبروقت کھولنے کیلئے ہیوی مشینری موجود ہے ،کوئٹہ سمیت دیگر علاقوں میں آئندہ دوروز کے دوران شدید بارش اوربرف باری متوقع ہے عوام کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیراختیار کریں۔یہ بات انہوں نے ہفتہ کو صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پرچیف افسر کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن عطاء اللہ بلوچ ،چیف سینی ٹیشن افسر انور لہڑی بھی موجودتھے۔ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عمران زرکون نے کہا کہ پی ڈی ایم اے نے گزشتہ ہفتے کوئٹہ ،زیارت، چمن ،قلعہ عبداللہ ،کان مہترزئی،مسلم باغ اوردیگر علاقوں میں شدید برفباری اور صوبے کے اکثر علاقوں میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کی تھی بارشوں کا حالیہ سلسلہ ہفتہ سے پیر تک جاری رہے گا اس دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پی ڈی ایم اے ، کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن اور ضلعی انتظامیہ کے افسران اوراہلکار الرٹ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ برف باری اور بارشوں سے بندہونے والے راستوں کو بروقت کھولنے کیلئے ہیوی مشینری اورعملہ اپنی جائے تعیناتی پر موجود ہے،لکپاس کے مقام پر برف باری کے باعث پھنسنے والے غیر ملکی سیاحوں اور مقامی گاڑیوں کو بحفاظت طورپر کوئٹہ پہنچادیا گیا ہے ۔۔ایک سوال کے جواب میں عمران زرکون نے بتایا کہ آئندہ دو روز کے دوران صوبے میں بارش اور برف باری جاری رہے گی عوام کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیراختیارکریں۔ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ طارق جاوید مینگل نے کہا کہ کوئٹہ میں بارش اور برف باری کے دوران پانی کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے کوئٹہ میٹروپولیٹن کا عملہ اور افسران اپنی ڈیوٹیوں پر موجود ہیں جہاںبھی پانی اوور فلو ہوگا میٹروپولیٹن کا عملہ فوری طور پر وہاںپہنچے گا ۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر کی کاریزات اور واٹرچینل پر لینڈمافیا نے قبضہ کرلیا ہے جس کے باعث بارش کے باعث پانی سڑکوں پر آجاتا ہے لیکن ہماری ممکن کوشش ہے کہ پانی کی بروقت نکاسی کو یقینی بنایا جائے۔ ایک سوال کے جواب میں طارق جاوید مینگل نے کہا کہ کوئٹہ میں کئی کلو میٹر طویل نالوں کی صفائی کے باعث پانی کی روانی ممکن ہوئی ہے اور ہزاروں ٹن کچرہ نالوں سے نکالا گیا ہے جس میں 95فیصد پولی تھین بیگ تھے۔ ایک سوال کے جواب میں طارق مینگل نے ضلعی انتظامیہ نے پولی تھین بیگوں کی فروخت پر پابندی عائد کی جارہی ہے اس حوالے سے تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو بھی آگاہ کیا جسکے بعد باقاعدہ پولی تھین بیگ فروخت کرنے والو ں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بارش اوربرف باری کے باعث چھٹی کے باوجود کوئٹہ میٹروپولیٹن کے افسران اورعملہ اپنی ڈیوٹیوں پرموجود ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام تر انتظامات اور مشینری موجود ہے۔ دریں اثناء ڈائریکٹرجنرل پی ڈی ایم اے عمران زرکون اور ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ طارق جاوید مینگل،چیف افسر کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن عطاء اللہ بلوچ ،چیف سینی ٹیشن افسر انور لہڑی نے کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور بارش اوربرفباری کے بعد صورتحال ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں