مارکیٹ کی ضروریات کے تناظر میں تعلیم کی فراہمی سے بیروزگاری پر قابو پانے میں مدد ملے گی، صدر مملکت عارف علوی

0

اسلام آباد (این این آئی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مارکیٹ کی ضروریات کے تناظر میں تعلیم کی فراہمی سے بیروزگاری پر قابو پانے میں مدد ملے گی، علم کے اثرات افراد اور معاشرے پر دولت سے کہیں بڑھ کر ہوتے ہیں، ورچوئل یونیورسٹی جیسے ادارے علم کے فروغ میں اہم کرداراد اکررہے ہیں، فائیو جی ٹیکنالوجی سے دنیا بھر میں معلومات کا سیلاب آسکتا ہے ۔ بدھ کو ورچوئل یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ مارکیٹ کی ضروریات کے تناظر میں تعلیم کی فراہمی سے بیروزگاری پر قابو پانے میں مدد ملے گی، علم کے اثرات افراد اور معاشرے پر دولت سے کہیں بڑھ کر ہوتے ہیں۔ نوجوان نسل کو اپنے والدین کا احسان مند ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ورچوئل یونیورسٹی جیسے ادارے علم کے فروغ میں اہم کرداراد اکررہے ہیں۔ انٹرنیٹ کے آنے سے معلومات تک رسائی آسان ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فاصلاتی تعلیم کے ذریعے علم اور معلومات کا دور دراز علاقوں تک پہنچنا ممکن ہوا، فائیو جی ٹیکنالوجی سے دنیا بھر میں معلومات کا سیلاب آسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے حکومت نے بہترین اقدامات کئے ہیں، وائرس سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر اپنا کر اس سے بچا جاسکتا ہے، صفائی نصف ایمان ہے، ہمیں صفائی ستھرائی کا خیال رکھنا چاہیے، کرونا وائرس سے بچائو کے لئے صابن سے ہاتھ دھونے چاہئں، ماسک پہننے کی ضرورت نہیں ہے، نزلہ زکام ہونے کی صورت میں احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ دور جدید کے تقاضوں کو سامنے رکھتے ہوئے طلباء کو تعلیم دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کو بھی عام سکولوں میں تعلیم دینی چاہیے تاکہ معاشرے میں سے مساوی سلوک ہو اور اس سے خصوصی افراد کو معاشرتی مسائل کو سمجھنے اور ان سے نبر آزما ہونے کا حوصلہ پیدا ہوگا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے 51 لاکھ افغان مہاجرین کی میزبانی کی جبکہ یورپی ممالک تارکین وطن کو قبول کرنے کے لئے تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے کمزور طبقات کو اٹھانا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ صدر ملکت نے کامیاب ہونے والے امیدواروں میں گولڈ میڈلز اور میرٹ سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.