عراق کے جنوبی شہر بصرہ میں دو صحافیوں قتل ، امریکا کی شدید مذمت

عراق کے جنوبی شہر بصرہ میں دو صحافیوں قتل ، امریکا کی شدید مذمت

بغداد(این این آئی)عراق کے دارالحکومت بغداد میں امریکی سفارت خانے نے جنوبی شہر بصرہ میں دو صحافیوں کے قتل کی مذمت کی ہے اور ان پر حملے کو قابل افسوس اور بزدلانہ قراردیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق عراقی صحافی احمد عبدالصمد اور کیمرامین صفہ غالی کو گزشتہ روز بصرہ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کردیا ۔عبدالصمد کئی مرتبہ العربیہ اور الحدث کی سکرینوں پر عراق کے جنوبی شہروں میں حالیہ احتجاجی تحریک کے دوران میں نمودار ہوئے اور وہ ناظرین کو تازہ صورت حال سے آگاہ کیا کرتے تھے۔ انھوں نے میڈیا اداروں کو ان احتجاجی مظاہروں کے بارے میں بیسیوں تصاویر اور وڈیوز فراہم کی تھیں۔صفہ غالی عراق کے دجلہ ٹی وی کے ساتھ کیمرا مین کے طور پر وابستہ تھے۔ انھیں بھی مسلح حملہ آوروں نے عبدالصمد کے ساتھ موت کی نیند سلا دیا تھا۔ادھر عراق کے دارلحکومت بغداد میں امریکی سفارت خانہ نے ایک بیان میں کہا کہ عراق میں پریس کے ارکان ، سوشل میڈیا کے کارکنان اور اصلاح پسند کارکنان کے قتل ، اغوا ، ہراساں کیے جانے اور ڈرانے دھمکانے کے جاری واقعات مسلسل سزا کے بغیر نہیں رہ سکتے۔بیان میں کہا گیا کہ عراقی حکومت اظہار رائے کی آزادی کی پاسداری ، صحافیوں اور پْرامن سیاسی کارکنان کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ذمے دار ہے تاکہ وہ بلا خوف وخطراپنے جمہوری حقوق کو رو بہ عمل لا سکیں۔یہ اسی صورت میں ممکن ہے ،اگر تشدد کے واقعات کے ذمے داروں کو تلاش کرکے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں