کٹھن معاشی حالات میں پاکستان کا ساتھ دینے پر قوم سعودی عرب کی مشکور ہے، سیف اﷲ نیازی

0

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے کہا ہے کہ کٹھن معاشی حالات میں پاکستان کا ساتھ دینے پر قوم سعودی عرب کی مشکور ہے،پاکستان اور سعودی قیادت اسلامی دنیا کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے اقدامات اٹھانے پر بھی آمادہ ہیں،،دونوں ممالک کی قیادت میں مسلم امہ کو درپیش چیلنجز کا حل نکالنے کی قابلیت اور عزم موجود ہے۔تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی سے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے مابین کثیرالجہتی تعاون کے حوالے سے امور پر بھی بات چیت کی گئی ۔اس موقع پر چیف آرگنائرز تحریک انصاف سیف اﷲ نیا زی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب گہرے سفارتی و سماجی تعلقات کے حامل ہیں، حرمین شریفین کے باعث سعودی عرب مسلمانان پاکستان کی عقیدت کا محور بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ دہائیوں پر محیط پاک سعودی تعلقات باہمی تکریم، اعتماد اور بھائی چارے سے مزین ہیں، لاکھوں پاکستانی محنت کش اپنا خون پسینہ ایک کرکے سعودی معیشت میں اپنا حصہ ڈالتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان سے پاک-سعودی سفارتی تعلقات میں نئے باب کا اضافہ ہوا۔سیف اﷲ نیاز ی نے کہا کہ کٹھن معاشی حالات میں پاکستان کا ساتھ دینے پر قوم سعودی عرب کی مشکور ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک سعودی عرب کے مابین اشتراک میں توسیع کے ان گنت مواقع موجودہیں ،دونوں ممالک کی قیادت میں مسلم امہ کو درپیش چیلنجز کا حل نکالنے کی قابلیت اور عزم موجود ہے، پاکستان اور سعودی قیادت اسلامی دنیا کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے اقدامات اٹھانے پر بھی آمادہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف برادر اسلامی ملک کیساتھ پاکستان کے اشتراک سے عوامی بہبود کی نئی راہیں متعین کرنے کا عزم کئے ہوئے ہے۔اس موقع پر سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کا کہنا تھا کہ سعودی قیادت پاکستان کیساتھ تعلقات کو نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی، سماجی، معاشی و حکومتی سطح پر دونوں ممالک کے مابین دیرینہ تعلقات قیمتی اثاثہ ہیں، باہم روابط سے عوام کی فلاح کے مشترک ہدف کے حصول کی راہ ہموار ہوگی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.