پسماندہ علاقوں کی ترقی اور بڑے شہروں کو خوبصورت بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، زرتاج گل

0

 اسلام آباد (این این آئی)وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ پسماندہ علاقوں کی ترقی اور بڑے شہروں کو خوبصورت بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، ماضی میں ہائوسنگ سیکٹر کے ماسٹر پلان ناکام ہو چکے ہیں،کسی بھی کالونی میں گرین بیلٹ، پارکس اور دیگر سہولیات ہونی چاہئیں۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کا ماسٹر ہائوسنگ پلان اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور اور فیصل آباد سمیت ملک کے بڑے شہروں پر مشتمل ہے۔ انہو ں نے کہا کہ ہم وفاقی داراحکومت سے ہاوسنگ پلان کا آغاز کریں گے کیونکہ یہ دنیا کے خوبصورت ترین داراحکومتوں میں سے ایک ہے، بدقسمتی یہ ہے کہ ماضی میں ہائوسنگ سیکٹر کے ماسٹر پلان ناکام ہو چکے ہیں کیونکہ مافیا قانون سے بالاتر ہو کرکام کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی کالونی میں گرین بیلٹ، پارکس اور دیگر سہولیات ہونی چاہئیں لیکن مافیا سہولیات کی فراہمی کی بجائے پیسہ کمانے میں مصروف تھا۔ زرتاج گل نے بتایا کہ بہت سارے مشہور معمار ، آرائش کار اور انجینئر اس سلسلے میں قائم کمیٹی کے ممبر ہیںاور وفاقی داراحکومت کے بعد یہ پروگرام دوسرے شہروں میںبھی شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے غریب عوام وزیراعظم عمران خان کے دل کے بہت قریب ہیں، تحریک انصاف کی حکومت کا قومی ایجنڈا احساس پروگرام کے تحت غربت کے خاتمے ، نوجوانوں کو صحت اور تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کے ڈیڑھ سال کے دور میں مثبت رجحانات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.