ترک صدر رجب طیب اردوان کا پاکستان پہنچنے پر پرتپاک استقبال

0

اسلام آباد (این این آئی)ترک صدر رجب طیب اردوان کا وزیر اعظم عمران خان کی دعوت پر دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا ،وزیر اعظم ہائوس مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے ترک صدر رجب طیب اردوان کو گارڈ آف آنر پیش کیا ۔ جمعرات کو وزیراعظم عمران خان اور کابینہ کے ارکان نے نور خان ایئربیس پر ترک صدر رجب طیب اردوان اور ان کی اہلیہ امینہ اردوان کا پرتپاک استقبال کیا جس کے بعد وزیراعظم عمران خان مہمانوں کی گاڑی خود چلا کر وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے ترک صدر رجب طیب اردوان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیااس موقع پر دونوں ممالک کے ترانے بھی بجائے گئے،بعد ازاں وزیر اعظم عمران خان نے کابینہ ارکان جبکہ ترک صدرنے اپنے وفد میں شامل ارکان کا تعارف کرایا ۔ترکی کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان میں ترک سفیر مصطفی یرداکل نے کہا تھا کہ رجب طیب اردوان کا دورہ اسلام آباد تاریخی موقع ہے اور دونوں ممالک کے دو طرفہ تعلقات کی جانب اہم قدم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) تکمیل کے مراحل میں ہے اور ترکی اس منصوبے میں قائم ہونے خصوصی اقتصادی زونز کا حصہ بننے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ترک صدر کی آمد کے موقع پر نور خان ایئربیس پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور نور خان ایئر بیس سے لے کر ریڈ زون تک سیکیورٹی ہائی الرٹ تھی۔اس موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں استقبالی پوسٹرز بھی آویزاں کیے گئے۔دوسری جانب پارلیمنٹ کامشترکہ اجلاس (آج)جمعہ دن گیارہ بجے کو ہوگا ،ترک صدر رجب طیب اردوان پارلیمنٹ سے خطاب کریں گے۔ یاد رہے کہ ترک صدر آخری مرتبہ 2016 میں اپنی اہلیہ اور اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ مسلم لیگ (ن) کے دورے حکومت میں پاکستان کے دورے پر آئے تھے اورپارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا تھا ۔ترک صدر جمعہ کی نماز فیصل مسجد میں ادا کریں گے،ترک صدر مقامی ہوٹل میں بزنس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ ذرائع کے مطابق جمعہ کو ہی ترک صدر سہ پہر کو وزیراعظم ہاؤس پہنچیں گے،ترک صدر رجب طیب اردوان اورو زیراعظم عمران خان ون آن ون ملاقات کریں گے،دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پرمذاکرات ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان اور ترکی کے درمیان کئی معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط بھی ہوں گے،دونوں سربراہان مشترکہ پریس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے، وزیراعظم عمران خان ترک صدر کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے،ترک صدر رجب طیب اردوان رات آٹھ بجے نورخان ایئر بیس سے واپس روانہ ہوجائیں گے،وزیراعظم عمران خان ترک صدر کو رخصت کریں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.