بہادر لوگوں کا ظلمت اور جبر کے خلاف آواز حق بلند کرنا اور للکارنا تاریخ کا ہمیشہ سے روشن اور یادگار باب رہا ہے، فردوس عاشق اعوان

بہادر لوگوں کا ظلمت اور جبر کے خلاف آواز حق بلند کرنا اور للکارنا تاریخ کا ہمیشہ سے روشن اور یادگار باب رہا ہے، فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بہادر لوگوں کا ظلمت اور جبر کے خلاف آواز حق بلند کرنا اور اسے للکارنا تاریخ کا ہمیشہ سے روشن اور یادگار باب رہا ہے، بھارتی مسلمان خاتون صحافی رعنا ایوب نے جس دلیری سے اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دئیے، وہ لائق تحسین ہے۔ جمعہ کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نڈر خاتون صحافی نے مودی کے فاشسٹ ایجنڈے اور بربریت کو بے نقاب کردیا، جیل میں تبدیل ہونے والی مقبوضہ وادی میں انٹرنیٹ، موبائل فون، لینڈ لائن اور ذرائع ابلاغ کی پابندی ہے، ایسے میں ایک صحافی کا فرض نبھانا پروفیشنل ازم اور جرات کی عظیم مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ رعنا ایوب نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں سب اچھا ہے کے مودی حکومت کے جھوٹ کا پردہ چاک کردیا،سری نگرمیں پھیلے خوف کے سنّاٹے اور سنسان سڑکوں کی حقیقت پوری دنیا پر منکشف کردی۔ نیویارکرجریدے میں شائع ہونے والامضمون” نریندر مودی کے بھارت میں خون اور خاک”راناایوب کی صلاحیتوں کا شاندار اعتراف ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں