سری لنکن کرکٹ ٹیم پاکستا ن میں ٹیسٹ میچ کھیلنے کیلئے تیار

سری لنکن کرکٹ ٹیم پاکستا ن میں ٹیسٹ میچ کھیلنے کیلئے تیار

کولمبو،لاہور(زیبائے پاکستان آن لائن ) پاکستان میں 10سال بعد انٹر نیشنل کرکٹ کی واپسی کا امکان پیدا ہوگیا ، سری لنکن کرکٹ ٹیم کم ازکم ایک ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے پاکستان آسکتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں پاکستان کا دورہ کرنے والی سری لنکن سکیورٹی ٹیم نے اپنے کرکٹ بور ڈ کو ’انتہائی مثبت رپورٹ‘ دی ہے جس کے بعد اس بات کا قوی امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ اگر سب کچھ پلان کے مطابق چلتا رہا تو مارچ 2009ء میں سری لنکن ٹیم بس پر حملے کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی ہوجائے گی۔ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سلسلے میں دو ٹیسٹ میچز کی یہ سیریز اگرچہ نیوٹرل وینیو پر شیڈول تھی تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کو یہ سیریز پاکستان میں کھیلنے کی تجویز دی جس کے بعد سری لنکن بورڈ نے اپنا ایک سکیورٹی وفد پاکستان بھیجا تھا۔ واضح رہے سری لنکا کی ایک ٹیم نے اکتوبر 2017 میں لاہور میں ٹی20 انٹرنیشنل میچ کھیلا تھا لیکن اس میں بھی اس وقت کے سری لنکن کپتان اپل تھارنگا، لاستھ ملنگا سمیت متعدد نامور کھلاڑیوں نے شرکت نہیں کی تھی۔یہ دورہ انتہائی کامیاب رہا تھا اور اس کی بدولت پی سی بی کو دگر انٹرنیشنل ٹیموں کو پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کی دعوت دینے میں مدد ملی تھی۔اگر سری لنکن ٹیم پاکستان میں ٹیسٹ میچ کھیلتی ہے تو یہ ایک طریقے سے مشکل وقت میں پاکستان کے جذبہ خیرسگالی کا مثبت جواب ہو سکتا ہے۔21اپریل کو سری لنکا میں قیامت خیز بم دھماکوں میں 100 سے زائد ہلاکتوں کے بعد سری لنکا پر سیکیورٹی خطرات منڈلا رہے تھے لیکن ایسے میں پاکستان نے ایک ماہ بعد ہی سب سے پہلے اپنی انڈر19 ٹیم کو سری لنکا کے دورے پر بھیجا تھا۔پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بتدریج واپسی کا آغاز اس وقت ہوا تھا جب 2015 میں زمبابوے نے تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا تاہم اس سلسلے میں سب سے اہم پیشرفت اس وقت ہوئی تھی جب 2017 کی پاکستان سپر لیگ کے فائنل کا لاہور میں کامیابی سے انعقاد کیا گیا تھا۔اس کے بعد ورلڈ الیون نے تین ٹی20 میچوں کا کامیابی کے ساتھ دورہ کیا اور پھر پاکستان نے ایک ٹی20 میچ کے لیے سری لنکا کی میزبانی کی۔پاکستان نے پی ایس ایل کے 2018 کے ایڈیشن کے دو پلے آف لاہور میں منعقد کرانے کے سات ساتھ کراچی میں فائنل کا انعقاد کر کے عالمی کرکٹ کی بحالی کی جانب ایک اور قدم بڑھایا۔رواں سال پاکستان سپر لیگ کے 8 میچوں کی میزبانی کراچی نے کی جس میں دنیا بھر کے انٹرنیشنل کھلاڑیوں نے بھرپور شرکت کر کے ایونٹ کو کامیابی بنانے کے ساتھ ساتھ دنیا کو پیغام دیا کہ پاکستان کھیلوں کے لیے مکمل محفوظ ملک ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں