وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کو سینے میں تکلیف ،ہولی فیملی اسپتال منتقل

وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کو سینے میں تکلیف ،ہولی فیملی اسپتال منتقل

راولپنڈی: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کو سینے میں تکلیف کے باعث ہولی فیملی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔پیر کو وفاقی وزیر شیخ رشید راولپنڈی میں ایک کالج کی تقریب کے بعد لال حویلی پہنچے تھے کہ انھیں اچانک سینے میں تکلیف ہوئی جس پر انھیں فوری طور پر ہولی فیملی منتقل کیا گیا۔ہسپتال انتظامیہ کے مطابق شیخ رشید کو گیسٹرک ٹربل کے باعث سینے میں درد ہوا تھا جس کے بعد انھیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی ۔ان کی ای سی جی اور دیگر خون کے ٹیسٹ بھی کیے گئے ہیں۔شیخ رشید کے بھتیجے راشد شفیق کا کہنا ہے کہ وزیر ریلوے لال حویلی میں لوگوں سے ملاقات کر رہے تھے کہ اس دوران انھیں دل میں تکلیف ہوئی۔رکن قومی اسمبلی راشد رفیق نے بتایا کہ دل کی تکلیف کے سبب شیخ رشید کو ہولی فیملی لایا گیا، جہاں انھیں فوری طبی امداد فراہم کی گئی، اور اب ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں، تاہم اب ان کی طبیعت پہلے سے بہتر ہے۔خیال رہے کہ شیخ رشید نے اس سے قبل کالج کی تقریب سے خطاب میں اعلان کیا تھا کہ راولپنڈی میں 200 کنال پر سب سے بڑا اسپتال بنا رہے ہیں، جب کہ چین کی مدد سے ریلوے یونی ورسٹی بھی بنائی جائے گی۔انھوں نے کہا کہ میری کوشش ہے چین کی کمپنی ریلوے ٹریک ڈال دے، ریلوے میں کوتاہی سے میری کوششوں پر پانی پھر جاتا ہے، ریلوے ٹریک کے لیے ایم ایل ون اسی مہینے شروع ہو جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں