چین کی طرح اجتماعی سطح پر کاوشیں کرنے سے کرونا وائرس سے چھٹکارا پایا جا سکتا ہے،فردو س عاشق اعوان

0

اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ چین کی طرح اجتماعی سطح پر کاوشیں کرنے سے کرونا وائرس سے چھٹکارا پایا جا سکتا ہے،وفاقی و صوبائی حکومتیں اور تمام متعلقہ ادارے عوام کے تحفظ و سلامتی کیلئے پوری تندہی سے کام کر رہے ہیں، ارد گرد کے لوگوںاور اپنی صحت کا خیال رکھنا ہر فرد کی ذمہ داری ہے ۔ جمعرات کو ٹوئٹر پر اپنے بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ ہمیں قومی جذبے، اتحادواخوت کے ساتھ ایک دوسرے کا احساس اور خیال رکھنا ہے۔ انہوںنے کہاکہ سلام پیش کرتے ہیں ان ڈاکٹروں،نرسوں اور طبی عملے کو جو اس جذبے کے ساتھ خدمت کی عظیم مثال بن رہے ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ حکومت اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ وفاقی و صوبائی حکومتیں اور تمام متعلقہ ادارے عوام کے تحفظ و سلامتی کیلئے پوری تندہی سے کام کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ احتیاطی تدابیر پر نہ صرف خود عمل کرے بلکہ اپنے ارد گرد کے لوگوں کی صحت کا بھی خیال رکھے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ ہم نے کرونا کی وباء سے قومی عزم کے ساتھ لڑنا ہے،حوصلے اور دانشمندی کے ساتھ احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا رہنا ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ پرہجوم جگہوں پہ نہ جائیں، ہاتھ ملانے سے گریز کریں اور بار بار دھوئیں۔ انہوںنے کہاکہ چین کے عوام نے جس مثالی ڈسپلن اور یکسوئی سے اس وبا کا مقابلہ کیا اس سے سبق ملتا ہے کہ اجتماعی سطح پہ کاوشیں کرنے سے اس وائرس سے چھٹکارا پایا جا سکتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.