سندھ حکومت نے کراچی کے ایکسپو سینٹر کو 10 ہزار بستروں پر مشتمل ہسپتال بنانے کا فیصلہ کرلیا

0

کراچی(این این آئی)سندھ حکومت نے کراچی کے ایکسپو سینٹر کو 10 ہزار بستروں پر مشتمل ہسپتال بنانے کا فیصلہ کرلیا۔وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزراء ڈاکٹر عذرہ پیچوہو، سعید غنی، مشیر قانون، کورکمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز، چیف سیکرٹری ممتاز شاہ، ڈی جی رینجرز عمر بخاری اور آئی جی پولیس مشتاق مہر سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی کے ایکسپو سینٹر میں بھی ایک ہسپتال قائم کیا جائے گا جو 10 ہزار بستروں پر مشتمل ہوگا۔اجلاس میں بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ ایک ہال سے شروع کرتے ہیں اور بڑھاتے جائیں گے۔اس موقع پر کور کمانڈر کراچی نے ایکسپو سینٹر میں ہسپتال اور آئسولیشن سینٹر قائم کرنے کے فیصلے میں بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ ہم سندھ حکومت کی ہر طرح کی حمایت اور مدد کریں گے۔ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق کور کمانڈر کراچی اور سندھ حکومت کی ٹیم بنائی جا رہی ہے جو یہ کام سر انجام دے گی ، سعید غنی حکومت سندھ کی طرف سے کمیٹی کی سربراہی کریں گے اور ٹیم میں کمشنر کراچی بھی شامل ہوں گے، کور کمانڈر کراچی کی طرف سے بریگیڈئیر سمیع اور ان کی ٹیم ہوگی۔اجلاس میں بات کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ شہروں کی بندش سے غریب لوگ کھاد خوراک کے فکر میں مبتلا لگتے ہیں، ہم غریب لوگوں کو راشن گھروں پر بھیجنا چاہتے ہیں، پہلے مرحلے میں ایک مہینے کے راشن بیگ لوگوں کیگھروں پر پہنچایا جائے گا۔وزیراعلیٰ سندھ نے 20 لاکھ راشن بیگس غریب عوام میں بھیجنے کی ہدایت کی جس میں چاول، آٹا، تین اقسام کی دالیں، گھی، چینی، چائے کی پتی، خشک دودھ اور مصالحہ جات شامل ہوں گے۔مراد علی شاہ نے کہاکہ یہ دنیا کا بحران ہے، اس پر دنیا بھر کے سربراہان کا اجلاس ہوتا ہے اور اس کا سدباب نکانے کی حکمت عملی بناتے ہیں، اس کو روکنے کا حل ہے کہ سفر کم سے کم ہو، اسکریننگ ہوتی رہے اور سماجی فاصلے ہونے چاہیئں بڑے اجتماعات پر پابندی ہو اور سخت قرنطینہ ہونی چاہیے۔وزیراعلیٰ سندھ نے اجلاس میں بتایا کہ ایک اور مریض یعنی تیسرا کیس ٹھیک ہو گیا ہے اور یہ اچھی علامت ہے جو ہمارے بروقت اقدامات کا نتیجہ ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.