آبنائے ہرمز میں ایرانی ڈرون مار گرایا، ٹرمپ

آبنائے ہرمز میں ایرانی ڈرون مار گرایا، ٹرمپ

واشنگٹن(زیبائے پاکستان آن لائن)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکی بحریہ نے آبنائے ہرمز میں ایک ایرانی ڈرون کو مار گرایا ہے۔امریکی صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کی ایک تقریب کے دوران میڈیا کو بتایا کہ یو ایس ایس باکسر نامی امریکی جنگی بحری جہاز نے جمعرات کو اس وقت ’دفاعی کارروائی‘ کی جب یہ ڈرون بحری جہاز کے 1000 گز تک قریب آ کر جہاز اور اس کے عملے پر دھونس جما رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ’’بین الاقوامی پانیوں سے گزرنے والے جہازوں کے خلاف یہ ایران کی جانب سے کئی اشتعال انگیزیوں میں سے تازہ ترین اقدام تھا‘‘۔ انھوں نے کہا کہ ’’امریکا اپنے اہلکاروں، اپنی تنصیبات اور مفادات کے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے‘‘۔صدر ٹرمپ نے تمام ملکوں پر زور دیا ہے کہ وہ ایران کی مذمت کریں۔ دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ ایرانی ڈرون گرائے جانے سے متعلق انہیں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں