وفاقی وزیر دفاعی پیداوار محترمہ زبیدہ جلال نے صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو سے ملاقات

0

کوئٹہ :۔ وفاقی وزیر دفاعی پیداوار محترمہ زبیدہ جلال نے صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو سے ملاقات کی جس میں باہمی دل چسپی کے امور سمیت صوبے میں حالیہ دہشت گردی کی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر داخلہ نے وفاقی وزیر دفاعی پیداوار کو صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور فورسز کی جانب سے دہشت گردی کے تدارک اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ فورسز کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق اسلحہ اور آلات کی فراہمی سے دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کی خلاف کارروائی میں مدد گار ثابت ہوں گے وفاقی وزیر نے صوبے میں امن وامان کیلئے اپنے اور وفاق کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ صوبے کی پسماندگی اور محرومیوں کے ازالے کیلئے تمام آپشن بروئے کار لائے جائیں گے۔ وفاقی حکومت امن وامان سمیت تمام شعبوں کی ترقی کیلئے تمام اکائیوں سے مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔ صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے وفاقی وزیر سے صوبے کے امن وامان کی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان رقبے کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے اس کے لئے وفاق صوبہ بھر کے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے لہذا حکومت کی کوشش ہے کہ بلوچستان کی فورسز کو سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں ان کا مزید کہنا تھا کہ کوئی بھی معاشرہ اس وقت تک اپنے پاوں پر کھڑا نہیں ہوسکتا جب تک دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ کر نہ پھینکا جائے۔ وفاقی وزیر دفاعی پیداوار محترمہ زبیدہ جلال نے کہا کہ وفاقی حکومت کو اس بات کا احساس ہے اور اسی خاطر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مزید بہتر انداز میں فعال بنا کر صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.