پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید 48 کیسز آگئے، مجموعی تعداد 543 ہوگئی

0

اسلام آباد /کراچی /پشاور /کراچی/ لاہور (این این آئی) پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو نے لگا، مزید نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 543 ہوگئی ہے ،اب تک ملک میں کورونا وائرس سے 3 افراد ہلاک اور پانچ صحت یاب ہوچکے ہیں۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز جمعہ کو رات 12 بجے تک پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 495 تھی جو مزید 48 کیسز سامنے آنے کے بعد 543 تک پہنچ گئی ہے،ہفتے کو سندھ میں 15، پنجاب میں 8، بلوچستان میں 11، گلگت بلتستان میں 9، خیبر پختونخوا میں 4 اور اسلام آباد میں ایک نیا کیس سامنے آیا ۔ ہفتے کو اسلام آباد میں زیر علاج ایک مریض صحتیاب بھی ہوا جس کے بعد اس وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 5 ہوگئی ہے۔ اس سے قبل کراچی میں تین اور اسلام آباد میں ایک مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔پاکستان میں کورونا سے 3 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جن میں سے 2 خیبر پختونخوا اور ایک کراچی میں ہوئی ہے۔ترجمان سندھ حکومت کے مطابق تفتان میں موجود زائرین میں سے مزید 15 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد وائرس میں مبتلا زائرین کی تعداد 166 ہوگئی اور کراچی میں مجموعی طور پر 101کیسز ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ سندھ بھر میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 267 ہوگئی ہے جن میں سے تین مریض صحت یاب ہوئے ،264 کا علاج جاری ہے۔گزشتہ روز ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب نے بتایا کہ کراچی میں کورونا وائرس کے 287 نمونوں کے نتائج آگئے ہیں جن میں سے صرف 15 ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔پنجاب میں کورونا وائرس کے کنفرم کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے اور محکمہ صحت کے مطابق 24 گھنٹے میں مزید8 کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 104 ہوگئی ہے۔ ان میں سے ایک کیس جہلم میں سامنے آیا ہے۔صوبائی حکومت کے مطابق ہسپتالوں میں 528 مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں جن میں سے 409 ٹیسٹ منفی آئے ہیں اور 23 مشتبہ افراد کے رزلٹ آنا باقی ہیں۔بلوچستان میں ہفتے کے روز کورونا کے مزید 11 کیسز سامنے آئے جس کی تصدیق صوبائی چیف سیکرٹری کی جانب سے کی گئی ہے،چیف سیکرٹری کیمطابق صوبے میں اب تک 104 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔چیف سیکرٹری نے بتایا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کوروکنے کے لیے میل جول پرپابندی ہے، یہ وائرس میل جول سے پھیلتا ہے لہٰذا عوام سے اپیل ہے کہ وہ گھروں میں محدود رہیں۔خیبرپختونخوا میں ہفتے کو کورونا وائرس کے مزید 4 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبے میں مجموعی تعداد 27 ہوگئی ہے۔مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ملائیشیا سے آنے والے 41 سالہ شخص میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، متاثرہ شخص کو پولیس سروسز ہسپتال قرنطینہ میں رکھا گیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ باڑہ روڈ کے رہائشی میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے، متاثرہ شخص 9 مارچ کوعمرہ کی ادائیگی کرکے واپس آیا تھا اور اس کی عمر 46 سال ہے۔اجمل وزیر کے مطابق وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے جس کی نگرانی وزیراعلیٰ محمود خان خود نگرانی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں شادی ہالز، اتوار بازار اور مویشی منڈیاں بند رہیں گی ، 5 اپریل تک تمام ریسٹورنٹس پر بیٹھ کرکھانا نہیں کھا سکتے وہاں سے لے جاسکتے ہیں۔گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور مزید 9 کیس سامنے آنے کے بعد تعداد 30 ہوگئی، اسلام آباد میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 10 ہے۔آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کا اب تک ایک ہی کیس رپورٹ ہوا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.