خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد تین ہوگئی ہے،مشیر اطلاعات کی تصدیق

0

پشاور(این این آئی)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد تین ہوگئی ہے۔اجمل وزیر نے میڈیا کو بتایا کہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد تین ہوگئی ہے اور ایران سے آنے والی ایک خاتون کورونا وائرس کے باعث جاں بحق ہوگئی، صوبے میں اس وائرس کے مصدقہ کیسز 31 اور مشتبہ کیسز کی تعداد 179 ہے۔اجمل وزیر نے بتایا کہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ کیلئے اتوار کی صبح 9 بجے سے 24 مارچ تک لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے ، 7 روز کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی لگائی ہے اور ریسٹورنٹ سمیت دکانیں بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم پٹرول پمپ، ادویات اور اشیائے خورونوش کی دکانیں کھلی رہیں گی اور مال بردار گاڑیوں کو بھی پابندی سے استثنیٰ ہوگا۔اجمل وزیر نے کہا کہ علمائے اکرام سے رابطے میں ہیں اور عوام سے حکومت کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل ہے، لوگ اجتماع میں جانے سے گریز کریں، سماجی رابطوں کو محدود کریں، عوام ساتھ دیں گے تو اس جنگ میں کامیاب ہو سکیں گے، طبی عملے میں اضافے کیلئے 13 سو ڈاکٹرز بھرتی کیے جارہے ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل کورنا وائرس سے کراچی میں ایک اور خیبر پختونخوا میں 2 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی تھی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.