شاہ محمود قریشی کا ایرانی وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ ،کرونا عالمی وبا کے حوالے سے تبادلہ خیال

0

اسلام آباد (این این آئی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے کرونا عالمی وبا کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ایران میں کرونا وائرس سے ہونیوالے کثیر جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ایران کی حکومت اور عوام جس بہادری اور جوانمردی سے اس عالمی وبا کا مقابلہ کر رہے ہیں وہ یقیناً قابل تحسین ہے ۔وزیر خارجہ نے اپنے ایرانی ہم منصب کو، اس کڑے وقت میں ایران پر عائد پابندیوں کے خاتمے کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان اور پاکستان کی طرف سے، عالمی سطح پر کی جانے والی کاوشوں سے آگاہ کیا۔ انہوںنے بتایاکہ میری گزشتہ روز جرمنی کے وزیر خارجہ سے بات ہوئی تو ہماری درخواست پر انہوں نے وعدہ کیا کہ یورپی یونین کے وزرائے خارجہ اجلاس میں وہ اس معاملے کو اٹھائیں گے ۔انہوںنے کہاکہ میں نے ان سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ اس عالمی وبا کو پیش نظر رکھتے ہوئے، قرض کے بوجھ تلے دبے ، ترقی پذیر ممالک کو قرضوں کی ادائیگی میں سہولت فراہم کی جائے تاکہ وہ اپنے وسائل کو اس وبا سے نبرد آزما ہونے کیلئے بروئے کار لا سکیں ۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ میں سارک وزرائے خارجہ سے بھی ابھی رابطہ کر کے انہیں ایران پر عائد پابندیوں کے خاتمے کے حوالے سے بات کروں گا۔ انہوںنے کہاکہ ہم نے اسلام آباد میں پی فائیو ممالک کے سفراء سے بھی گذارش کی ہے کہ وہ اپنے اپنے ممالک کو یہ پیغام پہنچائیں کہ انسانی ہمدردی کے تحت ایران پر عائد معاشی پابندیوں کو ہٹایا جائے ۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستانی زائرین جو ایران سے بذریعہ تفتان واپس آ رہے ہیں ہم نے ان کو آئسولیش میں رکھنے کیلئے سکھر اور ملتان میں کوارنٹائین سینٹرز قائم کیے ہیں ۔ایرانی نے کہاکہ بروز ہفتہ ہم نے صدر روحانی کی ہدایت پر ہم نے زائرین کی طبی سہولت کیلئے دو ہسپتالوں کو بارڈر ایریا میں مختص کیا ہے یہ زائرین ہمارے مہمان ہیں ہمیں ان کی خدمت کو اپنا فرض سمجھتے ہیں ۔ ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے ایران پر پابندیاں ہٹوانے کے حوالے سے پاکستان کی طرف سے کی جانے والی بھرپور کاوشوں پر وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے برادر ملک ہونے کے ناطے، اس کڑے وقت جو کردار ادا کیا ہے وہ مثالی ہے

Leave A Reply

Your email address will not be published.