تجوریاں بھرنے کیلئے بھارت ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ ملتوی کرانے کا منصوبہ بنانے لگا

0

ممبئی: بھارتی کرکٹ بورڈ(بی سی سی آئی)نے آئی پی ایل کیلئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ ملتوی کرانے کا منصوبہ بنانے لگا۔ دوسری جانب آسٹریلیا بند دروازوں میں ایونٹ کرانے کا خواب دیکھنے لگا، کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو کیون رابرٹس کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ خالی اسٹیڈیمز میں ہونے سے سرمایہ کم حاصل ہوگا لیکن نشریاتی حقوق کی آمدنی سے سب کا فائدہ ہے،ایئرپورٹس اور ہوٹل میں احتیاطی تدابیر کے لیے حکومتی پالیسی پہلے ہی وضع کی جا چکی،بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز طویل کرنے سے بھی خسارے سے نکلنے میں مدد ملے گی۔تفصیلات کے مطابق آسٹریلوی بورڈ کی مالی مشکلات سے قطع نظر بھارت کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے زیادہ آئی پی ایل کے انعقاد میں دلچسپی ہے، جمعرات کو آئی سی سی کی ویڈیو کانفرنس میں ممبر بورڈز کے چیف ایگزیکٹوز شریک ہورہے ہیں۔ایک غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیاکہ بی سی سی آئی اس میٹنگ کے دوران ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے التوا کیلیے راہ ہموار کرنے کی کوشش کرے گا، آسٹریلوی بورڈ فوری طور پر تو میگا ایونٹ کے التوا پر رضامند نہیں لیکن آگے چل کر بھارت کو دباو بڑھانے میں مدد ملے گی،رپورٹ کے مطابق اس وقت صرف بھارتی اور انگلش بورڈز کی مالی حیثیت اتنی بہتر ہے کہ ایک سال تک بحرانی صورتحال کا مقابلہ کرسکیں،بی سی سی آئی کی پوری کوشش ہے کہ حالات سازگار ہوتے ہی آئی پی ایل کو ری شیڈول کرکے تجوریاں بھر لی جائیں۔کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو کیون رابرٹس نے ویڈیو کانفرنس میں خالی اسٹیڈیمز اور بند دروازوں میں میچز کرانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہاکہ کورونا وبا کے باوجود ہم اس بات پرغور کررہے ہی کہ ورلڈکپ میچز کو کس طرح ممکن بنایا جائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.