پی سی بی نے چیئرمین احسان مانی کے ایک سال میں اخراجات کی تفصیلات جاری کردیں

پی سی بی نے چیئرمین احسان مانی کے ایک سال میں اخراجات کی تفصیلات جاری کردیں

لاہور(زیبائے پاکستان ائی این پی)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے پالیسی کے تحت ایک بار پھر کرکٹ بورڈ سربراہ احسان مانی اور گورننگ بورڈ کے اخراجات کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔پی سی بی حکام نے ہر 3ماہ بعد اخراجات کی تفصیل ویب سائیٹ پر جاری کرنیکی پالیسی اپنارکھی ہے۔ جس کے مطابق گزشتہ ایک برس میں کرکٹ سربراہ احسان مانی کے مجموعی اخراجات ایک کروڑ 3لاکھ 59ہزار 76روپے رہے۔ بورڈ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ احسان مانی نے مختلف الائونسسز کی مد میں 81لاکھ روپے سے زیادہ کی رقم وصول کرنے سے انکار کیا ہے۔پی سی بی چیف کی رہائش کی مد میں 26لاکھ جب کہ 7لاکھ روپے سے زیادہ کے اخراجات گاڑی اور ڈرائیور کی مد میں ہوئے۔ ان کے غیر ملکی دوروں پر کرکٹ بورڈ کے خزانے سے 50لاکھ روپے نکلے۔ چیئرمین پی سی بی کی اہلیہ کے غیر ملکی دورے بورڈ کو 3لاکھ 30ہزار میں پڑے۔ویب سائٹ پر جاری کردہ دیگر تفصیلات کے مطابق احسان مانی کے اندرون ملک سفر پر 8لاکھ 92ہزار روپے، سیکیورٹی گارڈ اور ملازمین کی مد میں 3لاکھ 45ہزار روپے اور گورننگ بورڈ میٹنگ کے 20ہزار روپے خرچ ہوئے۔ ایک سال میں چیرمین پی سی بی کی صدارت میں گورننگ بورڈز کی 5میٹنگز مختلف شہروں میں ہوئیں۔ ان پر 45لاکھ سے زائد اخراجات منظر عام پر آئے ہیں۔ بورڈ ممبران نے 10لاکھ 80ہزار روپے سے زائد کی رقم میٹنگ الائونس جب کہ 9لاکھ 30ہزار روپے سے زائد رقم ڈیلی الانس کی مد میں حاصل کی ۔ گورننگ بورڈ ممبران کی رہائش پر 10لاکھ 43ہزار جب کہ 15لاکھ روپے سفری اخراجات بھی دستاویز کا حصہ ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں