آرچر فاسٹ بولنگ کی دنیا میں شاندار اضافہ ہے، وقار یونس

آرچر فاسٹ بولنگ کی دنیا میں شاندار اضافہ ہے، وقار یونس

لندن (زیبائے پاکستان آئی این پی) پاکستان کے سابق فاسٹ بولر وقار یونس نے انگلینڈ کے فاسٹ بولر جوفرا آرچر کو فاسٹ بولنگ کی دنیا میں ایک شاندار اضافہ قرار دیا ہے۔اپنے دور میں مخالف بیٹسمینوں کی نیندیں حرام کرنے والے فاسٹ بولر وقار یونس نے انگلینڈ کے جوفرا آرچر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ آسان رپ کے ساتھ بولنگ کرتے ہیں اور انہوں نے چیزوں کو اپنے لیے مشکل نہیں بنایا ہوا۔وقار یونس کا کہنا تھا کہ آرچر ورلڈ کپ سے قبل ہی نظروں میں تھے میرے خیال میں جوفرا آرچر عمدہ ایتھلیٹ اور دیکھنے میں اچھے لگنے والے بولر ہیں جو توقع کے مطابق بولنگ کر رہے ہیں۔سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ انگلینڈ خوش قسمت ہے کہ انہیں مستقبل کا بولر ملا ہے، آرچر روایتی طور پر ویسٹ انڈین بولرز کی طرح انتہائی خطرناک بولنگ کرنے کے عادی ہیں۔وقار یونس نے کہا کہ جوفرا آرچر وسیم اکرم اور مجھ سے مختلف بولر ہے، ہمارا انداز کچھ اور ہوتا تھا جبکہ جوفرا آرچر تیز گیند اور باونسر سے اٹیک کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔واضح رہے کہ ان دنوں کرکٹ کی دنیا میں انگلش بولر جوفرا آرچر کی تیز گیندوں نے دھوم مچا رکھی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں