دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ عید الفطر پر ریلیز ہوگی

0

 لاہور (این این آئی)فلم ’مولا جٹ‘ کے نام کے قانونی معاملات حل ہونے کے بعد فلم کو رواں برس عیدالفطر پر ریلیز کرنے کا اعلان کر دیا گیا دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی شوٹنگ ایک سال قبل ہی مکمل ہوگئی تھی تاہم فلم کی ٹیم پر فلم کا نام، اداکاروں کے نام اور ڈائیلاگ چوری کرنے کا الزام تھا جس وجہ سے اسے ریلیز نہیں کیا جا رہا تھا۔دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی ہدایات بلال لاشاری نے دی ہیں تاہم ان پر الزام تھا کہ انہوں نے 1979 کی مقبل فلم مولا جٹ کا نہ صرف نام کاپی کیا بلکہ انہوں نے پرانی فلم کے کردار اور ڈائیلاگ بھی اپنی نئی فلم میں شامل کیے، جس وجہ سے ان پر پرانی فلم کے پروڈیوسر محمد سرور بھٹی نے ان پر لاہور کی عدالت میں کیس کردیا تھا۔لاہور کی سیشن کورٹ میں دائر کیے گئے مقدمے کی متعدد سماعتیں ہوئیں اور بلال لاشاری نے اپنے جوابات بھی داخل کروائے تھے تاہم چند دن قبل ہی نئی اور پرانی فلم کی ٹیم کے درمیان معاہدہ طے پاگیا تھا جس کے بعد محمد سرور بھٹی نے اپنا کیس واپس لے لیا تھا۔پرانی فلم کے پروڈیوسر کی جانب سے مقدمہ واپس لیے جانے کے بعد اب ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی ٹیم نے فلم کو ریلیز کرنے کا اعلان کردیا۔فلم کی ٹیم کے مطابق ’دی لیجنڈ آف مولاجٹ کو رواں برس عیدالفطر کے موقع پر ریلیز کیا جائے گا۔پروڈیوسر عمارہ حکمت کی اس فلم میں ماہرہ خان، حمیمہ ملک، حمزہ علی عباسی اور فواد خان مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے۔فلم کی کہانی مولا جٹ یعنی (فواد خان) اور نوری نت یعنی (حمزہ علی عباسی) کے گرد گھومتی نظر آتی ہے جبکہ ماہرہ خان بھی اہم کردار میں دکھائی دیں گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.