کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ہمیں انفرادی اور مجموعی طور پر اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہوں گی،وزیر اعلیٰ بلوچستان

0

کوئٹہ (این این آئی)وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ہمیں انفرادی اور مجموعی طور پر اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہوں گی،وطن کی حفاظت اور ترقی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، ۔ یوم پاکستان کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج کا دن تدبر قائد و فکر اقبال کا مشترکہ عکاس ہے۔یہ ایک ایسا سنہرا دن ہے کہ جس دن مسلمانان ہند نے اپنی منزل کا تعین کیا اور بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح کی فہم و فراست، یقین محکم، سیاسی تدبر، اور عملی جدوجہد کی مکمل حمایت اور تائید کی جنہوں نے مسلمانوں کو ایک اقلیت نہیں بلکہ ایک الگ قوم قرار دیا جو اپنی ایک منفرد شناخت رکھتی ہے اور جو ایسے کسی آئین کو قبول نہیں کرسکتی جو مسلمانان ہند کے حقوق سے متصادم ہو۔وزیراعلی نے کہا کہ قرارداد پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک علیحدہ مسلم ریاست کے قیام کی بنیاد اور یہاں آباد مختلف اقوام اور اکائیوں کے حقوق کے تعین اور تحفظ کی ضمانت فراہم کرتی ہے، وزیراعلی نے کہا کہ آج کا دن اس عہد کی تجدید کا دن بھی ہے کہ ہم اپنے پاک وطن کی حفاظت، استحکام اور ترقی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور اس مقصد کے حصول کے لئے بحیثیت متحد قوم اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔جام کمال نے کہا کہ اس وقت پاکستان کوکرونا وائرس کے جس چیلنج کا سامنا ہے اس سے نمٹنے کے لیے بھی ہمیں ایک باشعور متحد اور ذمہ دار قوم کے طور پر انفرادی اور مجموعی طور پر اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہوں گی۔ اللہ تعالی پاکستان کو امن وسلامتی اور ترقی کا گہوارہ بنائے اور کروناوائرس جیسے وبائی امراض سے محفوظ رکھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.