کرونا وائرس ،حکومت پاکستان قطعی طور پر زائرین کی زیارتوں پر پابندی نہیں لگا رہی، وفاقی وزیر مذہبی امور

0

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کرونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے کہاہے کہ حکومت پاکستان قطعی طور پر زائرین کی زیارتوں پر پابندی نہیں لگا رہی، صرف مخصوص وقت کیلئے احتیاطا ًعوام ایران کا سفر کم سے کم کریں،علما کرام اور مشائخ اپنی مجالس، خطابات اور بیانات میں لوگوں کو تعلیم دیں، لوگوں کو شرعی پہلو سے آگاہ کیا جائے،ذاتی مفادات کو ایک طرف رکھ کر قومی مفاد کو مد نظر رکھا جائے۔ پیر کو وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کی زیر صدارت ڈاکٹر ظفر الطاف، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت، سیکرٹری مذہبی امور میاں محمد مشتاق بورانہ، شیعہ علماء ، شیعہ وفاق المدارس کے نمائندگان، ایران عراق زیارات کے منتظمین اور قافلہ سالاروں کے ہمراہ اہم اجلاس ہوا۔ چین کے بعد ہمسایہ ملک ایران میں کرونا وائرس کی اطلاعات کے باعث پاکستانی زائرین کو وبا سے بچاؤ، احتیاطی اقدامات، اور سفری ہدایات سے متعلق تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس کے آخر میں تمام شیعہ علماء (علامہ عارف واحدی، مفتی کفایت حسین نقوی، ڈاکٹر محمد حسین اکبر، سید نجم عباس نقوی، ڈاکٹر غضنفر مہدی و دیگر) اور زیارات منتظمین کی موجودگی میں وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے مشترکہ اعلامیہ جاری کیاجس میں کہاگیاکہ حکومت پاکستان قطعی طور پر زائرین کی زیارتوں پر پابندی نہیں لگا رہی، صرف مخصوص وقت کے لئے احتیاطا عوام ایران کا سفر کم از کم کریں، فی الحال کوشش ہے کہ زائرین اور تجارت کے لئے سفر کو کم سے کم کیا جائے۔ انہوںنے کہاکہ علما کرام اور مشائخ اپنی مجالس، خطابات اور بیانات میں لوگوں کو تعلیم دیں، لوگوں کو شرعی پہلو سے آگاہ کیا جائے۔پیر نور الحق قادری نے کہاکہ ذاتی مفادات کو ایک طرف رکھ کر قومی مفاد کو مد نظر رکھا جائے، پیر نور الحق قادری نے کہاکہ خاص طور پر ایران کے سفر پر جانے والوں کو آگاہی دینا چاہتے ہیں، حکومت کی جانب سے لئے گئے اقدامات پر تمام علماء کرام کو اعتماد میں لیا گیا ہے۔پیر نور الحق قادری نے کہاکہ قوم متاثرین کرونا وائرس کی وبا کے لئے خصوصی دعا کرے۔ انہوںنے کہاکہ پڑوسی ممالک چین اور ایران کیساتھ کھڑے ہیں، چین اور ایران کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنا ہمارا فریضہ ہے۔پیر نور الحق قادری نے کہاکہ ایران کے سفر کے لئے پالیسی تیار کررہے ہیں، ایران کے حکام، محکمہ صحت، ایرانی دفتر خارجہ اور علمی مراکز سے رابطہ میں ہیں، امید ہے جلد اس وبا پر قابو پالیا جائیگا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.