پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش سے 2 افراد جاں بحق

پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش سے 2 افراد جاں بحق

لاہور(زیبائے پاکستان آن لائن) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔لاہور میں موسلادھار بارش سے شاہراہوں پر پانی جمع ہوگیا جس سے معمولات زندگی متاثر ہوگئے۔ لوگوں کو دفاتر جانے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا اور شہری گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے۔ بارش کے باعث ریلوے اسٹیشن پلیٹ فارم اور ہیڈ کوارٹر کی چھتیں بھی ٹپکنے لگیں۔کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے لگیں اور بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ راولپنڈی کے ایک گھر میں بارش کا پانی بیسمنٹ (تہہ خانے) میں بھرگیا جس میں ڈوب کر ماں بچہ جاں بحق ہو گئے۔ 30 سالہ ماں اپنے ایک سالہ بیٹے کو بچاتے ہوئے پانی میں ڈوب گئی۔بارش کے بعد واسا کے عملہ نے شہر کے مختلف علاقوں میں بروقت کارروائی کی۔ ایم ڈی واسا محمد تنویر کا کہنا ہے کہ نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی جاری ہے اور فیلڈ اسٹاف کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔راول پنڈی میں شدید بارش سے نالہ لئی میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہورہی ہے۔ گوالمنڈی میں پانی کی سطح 7.8 فٹ تک جاپہنچی ہے۔ فلڈ کنٹرول کے مطابق گوالمنڈی میں 8.30 فٹ پر پری الرٹ سائرن بجا دئیے جائیں گے۔وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید گوالمنڈی نالہ لئی پل پہنچ گے جہاں انہوں نے نالہ لئی میں پانی کی سطح کا جائزہ لیا۔ ایم ڈی واسا سمیت دیگر حکام نے شیخ رشید کو بارش سے متعلق بریفنگ دی۔ شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا راولپنڈی اسلام آباد میں 150 ملی میٹر بارش ہوچکی ہے، نالہ لئی میں صفائی ہونے کی وجہ سے طغیانی کی صورتحال نہیں ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سید پور کے مقام پر 127 ملی میٹر ، پی ایم ڈی H/8 اسلام آباد و گردنواح میں 77 ملی میٹر، شمس آباد کے مقام پر 86ملی میٹر اور گولڑہ کے مقام پر 20 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔شاہدرہ فیروزوالہ اور گرد نواح میں بھی گھنگور گھٹائیں چھا گئیں اور وقفہ وقفہ سے تیز بارش سے نشیبی آبادیوں میں پانی بھر گیا۔ نارنگ منڈی اور گردونواح میں ٹھنڈی ہوا کے ساتھ تیز بارش ہوئی جب کہ فاروق آباد، کوٹ رادھا کشن، شیخوپورہ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ مریدکے اور گردونواح میں ٹھنڈی ہوا کے ساتھ بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ جب کہ واربرٹن و گردونواح میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بارش کے پانی کی جلد نکاسی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ، واسا حکام اور متعلقہ اداروں کے افسران نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔ نکاسی آب کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے جس کی نگرانی افسران خود کریں۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا نکاسی آب کا کام مکمل ہونے تک افسران فیلڈز میں موجود رہیں۔ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے ٹریفک حکام موثر اقدامات کریں۔ بارش کے دوران عوام کو آمد و رفت میں مشکل نہیں ہونی چاہیئے۔

نیپال اور آسام میں طوفانی بارشیں ،سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ،23افراد ہلاک مزید پڑھیں

اپنا تبصرہ بھیجیں