پاکستان میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 13 ہزار 165، 7مزیدجاں بحق ،مجموعی اموات 272 ہوگئیں

0

اسلام آباد:  پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کے کیسز میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے اور نئے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 13 ہزار 165 ہوگئی جبکہ اب تک 272 افراد انتقال کرچکے ہیں جن میں سات نئی اموات بھی شامل ہے ۔اس کے ساتھ ہی ملک میں کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد 2 ہزار 866 تک پہنچ گئی۔ملک میں 26 فروری کو پہلے کیسز کے بعد سے 25 مارچ تک ملک میں کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچی تھی تاہم اس کے بعد سے آج 26 اپریل تک نہ صرف ساڑھے 10 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے بلکہ اسی عرصے میں تقریبا 200 سے زائد اموات بھی ہوئیں۔اس عالمی وبا کے پھیلا ئوکو روکنے کے لیے ملک میں حکومتی سطح پر پابندیاں اور جزوی لاک ڈان نافذ ہیں تاہم اس کے باوجود وائرس کا پھیلا جاری ہے۔تاہم حکومت نے اس وائرس کے مزید پھیلا کو روکنے کے لیے ملک گیر جاری اس جزوی لاک ڈائون میں 9 مئی تک توسیع بھی کی تھی۔اگر اس وائرس سے متعلق کیسز کو دیکھیں تو 26 اپریل کو بھی پاکستان میں مزید کیسز کی تصدیق کی گئی ہے۔ ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب کی جانب سے فراہم کردہ تازہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران صوبے میں مزید 383 کیسز کا اضافہ ہوا جس کے بعد وائرس متاثرین کی مجموعی تعداد 4 ہزار 615 ہوگئی۔انہوں نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تفصیلات شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ 24 گھنٹے میں مزید 3 افراد کی موت بھی رپورٹ ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتیں 81 تک پہنچ چکی ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 70 افراد صحتیاب ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں صحتیاب افراد کی تعداد 872 تک پہنچ چکی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اب تک صوبے میں 41 ہزار 216 ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مزید 12 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔سرکاری سطح پر فراہم کیے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں کورونا متاثرین کی تعداد 235 تک جا پہنچی ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز تک اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 223 تھی۔دوسری جانب گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آیا اور مزید ایک فرد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔نئے اضافے کے بعد گلگت بلتستان میں اس وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 307 سے بڑھ کر 308 تک پہنچ گئی۔بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس کے مزید 60 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 781 ہوگئی ہے۔اس سے قبل ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران صوبے میں ایک شخص کورونا وائرس کی وجہ سے جان کی بازی ہار گیا جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 11 ہوگئی۔تاہم یہ بات بھی اہم ہے کہ جہاں کیسز کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے وہیں اس وائرس کو شکست دینے والے افراد کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس سے متاثرہ مزید 111 افراد صحتیاب ہوگئے۔جس کے بعد ملک میں مجموعی طور پر صحتیاب افراد کی تعداد 2755 سے بڑھ کر2866 تک پہنچ گئی۔ ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کو صوبوں اور علاقوں کے حساب سے دیکھیں تو اس وقت پنجاب سب سے زیادہ متاثر صوبہ ہے اور وہاں کیسز کی تعداد 5378 ہے۔اسی طرح سندھ میں کیسز کی تعداد 4615 ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں 1793 افراد وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔بلوچستان میں متاثرین کی تعداد 721 ہے جبکہ اسلام آباد میں 235 افراد کورونا سے متاثر ہوئے۔گلگت بلتستان میں کورونا کی عالمی وبا 308 افراد کو اپنا شکار بنا چکی ہے جبکہ آزاد کشمیر میں سب سے کم 55 کیسز سامنے آئے ہیں۔تاہم اموات کے حساب سے سب سے آگے خیبرپختونخوا ہے۔خیبرپختونخوا 93،پنجاب81،سندھ81،بلوچستان 11،گلگت بلتستان3،اسلام آباد میں 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں تاہم آزاد کشمیر میں ابھی تک کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.