امریکا کا پاکستان کیلئے ایف 16 طیاروں کی تکنیکی اور لاجسٹک سپورٹ کا اعلان

امریکا کا پاکستان کیلئے ایف 16 طیاروں کی تکنیکی اور لاجسٹک سپورٹ کا اعلان

واشنگٹنہ(زیبائے پاکستان آئی این پی ) ٹرمپ انتظامیہ نے پاکستان کے لیے ملٹری سپورٹ دوبارہ شروع کر دی ، امریکا پاکستان کو ایف سولہ طیاروں کے لیے 12 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز کی ٹیکنیکل اور لاجسٹک سپورٹ فراہم کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ اور یو ایس ڈیفنس سیکیورٹی کوآپریشن ایجنسی نے ایف سولہ طیاروں کے لیے پاکستان کو لاجسٹک اور ٹیکنیکل سپورٹ فراہم کرنے کی منظوری دے دی جس کے تحت امریکا پاکستان کو ایف سولہ طیاروں کے پرزے اور فنی خدمات فراہم کرے گا۔یہ اعلان وزیر اعظم عمران خان کے دورہ امریکا کے بعد سامنے آیا ہے۔امریکا کی جانب سے بھارت کے سی 17 ٹرانسپورٹ طیاروں کے لیے بھی 67 کروڑ ڈالر کے سپورٹ پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے۔امریکی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آلات اور سپورٹ کی مجوزہ فروخت سے خطے میں فوجی توازن میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ایف 16 طیاروں کی فروخت سے امریکی خارجہ پالیسی اور نیشنل سیکیورٹی کو فائدہ پہنچے گا کیونکہ اس طرح سے امریکا ہر وقت اپنے فوجیوں کی موجودگی سے اپنی ٹیکنالوجی کا تحفظ کر سکتا ہے۔یاد رہے گذشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان امریکا کے دورے پر تھے، وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے وائٹ ہاوس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی تھی، امریکی صدر نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان بھارت کے مابین ثالثی کی پیش کش کی۔صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ عمران خان اور میں دونوں نئے لیڈرز ہیں، مسئلہ کشمیر پر دونوں لیڈرز بڑا کردار ادا کر سکتے ہیں، کشمیر اور افغانستان کا مسئلہ حل ہوگا تو پورے خطے میں خوش حالی ہوگی۔ملاقات کے بعد امریکی صدر نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ہم وزیر اعظم عمران خان کا امریکا میں خیرمقدم کرتے ہیں، مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے میں کوئی کردار ادا کر سکتا ہوں تو بہت خوشی ہوگی، پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ تعلقات کا علم ہے، ملاقات میں پاک بھارت تعلقات میں بہتری کے لیے بھی بات ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں