ملک بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 1408 تک جاپہنچی ، وائرس سے اب تک 11 افراد جاں بحق

0

اسلام آباد (این این آئی)ملک بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 1408 تک جاپہنچی ہے ، وائرس سے اب تک 11 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔حکومتی اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 1408 ہوگئی ہے، سندھ میں کورونا کے 457 ، پنجاب میں 490، بلوچستان میں 133، خیبر پختونخوا میں 180، گلگت بلتستان میں 107، اسلام آباد میں 39 اور آزاد کشمیر میں 2 مریض ہیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے متاثرہ 2 مریض زندگی کی بازی ہار گئے جس کے بعد ملک بھر میں اس وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 11 ہوگئی ہے ، سات افراد کی حالت تشویشناک ہے اور 23 صحتیاب ہوچکے ہیں۔نئے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد سندھ سے بھی تجاوز کرکے 490 تک جا پہنچی ہے ،سندھ میں مریضوں کی تعداد 457 ہے، نئے کیسز سامنے آنے کے بعد پنجاب کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ بن گیا ہے۔کورونا وائرس کے باعث سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن میں مزید سختی کا فیصلہ کیا ہے ، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صبح 8 سے شام 5 بجے تک صوبے بھر میں دکانیں بند کرانے کی ہدایت کردی ہے تاہم صرف میڈیکل اسٹور24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آئی جی پولیس کو صوبے میں لاک ڈاؤن کو مزید سخت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لوگ ابھی تک شہر میں گھوم رہے ہیں، لوگوں کا تعاون عوام کی صحت کا ضامن ہے، اس لئے عوام لاک ڈاؤن اور حکومت کے فیصلوں کا احترام کریں۔آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کے پیش نظر مساجد میں نماز ادا کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ، ڈپٹی کمشنر بدرمنیر نے کہاکہ مساجد میں موذن امام اور خادم با جماعت نماز ادا کریں گے ، آزاد کشمیر علماء کرام محکمہ صحت عامہ کی مشاورت سے فیصلہ کیا گیا۔کراچی میں لیاقت نیشنل ہسپتال کے ایک ڈاکٹر میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے، ہسپتال ترجمان کے مطابق ایک ریڈیولوجسٹ کورونا وائرس سے متاثر ہوا ہے، متاثرہ ڈاکٹر رائے ونڈ تبلیغی اجتماع سے واپس آئے تھے، واپس آنے پر ٹیسٹ کروایا جس کے نتائج مثبت آئے۔ہسپتال ترجمان نے بتایا کہ متاثرہ ڈاکٹر کو چھٹیاں دے دی گئی ہیں جب کہ ڈیپارٹمنٹ میں کام کرنے والے دیگر عملے کو بھی چھٹیاں دے دی گئیں ہیں،تمام افراد نے گھروں میں خود کو سیلف کورنٹائین کرلیا ہے، علامات ظاہر ہونے پر ٹیسٹ کروانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.