شاہ محمود قریشی سے عثمان ڈار کی ملاقات ،خصوصی فنڈ کے قیام اور ضرورت مندوں کی مدد کے لیے ٹائیگر فورس کی تشکیل کے حوالے تبادلہ خیال

0

اسلام آباد (این این آئی)معاون خصوصی برائے امورنوجواناں عثمان ڈار نے وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں وزیراعظم عمران خان کی طرف سے کرونا وائرس کے حوالے سے خصوصی فنڈ کے قیام اور ضرورت مندوں کی مدد کے لیے ٹائیگر فورس کی تشکیل کے حوالے تبادلہ خیال کیا گیا ۔انہوںنے بتایاکہ یہ فورس گھر گھر جا کر کھانا فراہم کرے گی۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان، پاکستانی نوجوانوں کے جذبے اور استعداد کار کو پیش نظر رکھتے ہوئے، نوجوانوں کو کرونا کے خلاف ضرورت مندوں کی مدد کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں اور اس بار انہیں کرونا ٹائیگر فورس کا نام دیا گیا ہے۔۔ انہوںنے کہاکہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے کم آمدنی والے غریب طبقے کی مشکلات کا مکمل ادراک ہے اس غریب کی مشکلات کے ازالے کیلئے کرونا ٹائیگر فورس عمل میں لائی جا رہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ پاکستانی نوجوانوں نے سیلاب ہو یا زلزلہ، ہر مشکل گھڑی میں، بہترین جذبے کا مظاہرہ کیا اور بے لوث خدمات سر انجام دیں ۔ عثمان ڈار نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر کرونا ٹائیگر فورس کی تشکیل کا عمل شروع کر دیا گیا ہے نوجوانوں کو سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر اس ٹائیگر فورس کا حصہ بنایا جائے گا،اس رضا کار فورس کو قرنطینہ میں رکھے گئے افراد کی پہرا داری اور ہنگامی حالات میں گھروں تک راشن سپلائی کیلئے استعمال میں لایا جائے گا ۔عثمان ڈار نے وزیر خارجہ کو آگاہ کیا کہ ٹائیگر فورس میں شرکت کیلئے، ملک بھر سے رضاکاروں کی رجسٹریشن کا عمل 31 مارچ سے 10 اپریل تک، سیٹیزن پورٹل کے ذریعے مکمل کر لیا جائے گا۔یہ رضا کار ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر اپنے اپنے علاقوں میں ضرورت مند لوگوں کے گھروں تک کھانا فراہم کرنے کی ذمہ داری نبھائیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.